24

ہماری اولین ترجیحات میں شہریوں کے لیے آسانیاں اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) وفاقی پولیس کی سائنسی بنیادوں پر ٹریننگ کا آغاز ،آئی جی اسلام آباد
تفصیلات کے مطابق پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کی دو روزہ تربیتی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین پولیس اہلکاروں سمیت تفتیشی افسران (مرد اور خواتین) نے حصہ لیا تربیتی ٹریننگ میں جینڈر پروٹیکشن کے حوالے سے لیکچرز کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو اہم موضوعات پر لیکچر دینے کے لئے مدعو کیا گیا تاکہ مرد و خواتین پولیس اہلکار بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں ٹریننگ کے دوران اہم شخصیات نے جینڈر پروٹیکشن اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پولیس ملازمین کو اپنے قیمتی تجربات کی روشنی میں لیکچرز دیے اس ٹریننگ کے انعقاد کا مقصد پولیس کے مرد و خواتین اہلکاروں کو بنیادی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ان کو اپنے پیشہ ورانہ امور موثر انداز میں ادا کرنے میں مددگار ثابت ہوں خاص طور پر وہ خواتین اہلکار جو جینڈر پروٹیکشن یونٹ اور ہیلپ لائن 8090 سے وابستہ ہیں۔
تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے لاءاینڈ جسٹس ملیکہ بخاری کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا جنہوں نے اختتامی تقریب کے دوران آئی جی اسلام آباد کی طرف سے معاشرے کے ظلم و ستم کا شکار خواتین و بچوں کی فوری مدد کے لیے جینڈر پروٹیکشن یونٹ اور ہیلپ لائن کا اجراءکرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پولیس کی اصلاح کی جارہی ہے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے پولیس کمیونٹی تعلقات کو فروغ دینے جیسے اقدامات کیے جارہے ہیں اسلام آباد پولیس کی کارکردگی عملی طور پر نظر آرہی ہے تاہم اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے حکومت چاہتی ہے کہ اسلام آباد پولیس کو ناصرف دیگر صوبوں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی رول ماڈل کی حیثیت سے متعارف کرایا جائے ،امید ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم جس محنت اور دیانتداری سے عوامی سطح پر پولیس کے امیج کو اجاگر کرنے میں کوشاں ہیں کوئی شک نہیں کہ مستقبل قریب میں اسلام آبادپولیس وہ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی مزید انھوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ جن امور میں گورنمنٹ کی مدد کی ضرورت ہو گی بھرپورتعاون کیا جائے گا ۔
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن نے مہمان خصوصی سمیت تقریب میں موجود سب مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے شہریوں کی سہولت کیلئے متعددپروگرام شروع کررکھے ہیں کچھ پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں کچھ پر کام جاری ہے ان شااللہ بہت جلد وہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے ہماری اولین ترجیحات میں شہریوں کے لیے آسانیاں اور بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا آپ نے جن قیمتی تجربات سے ہماری رہنمائی کی ہے ان سے ہم بھرپور استفادہ حاصل کریں گے مزید آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس کے بہتر مستقبل کے لیے اس طرح کی ٹریننگ کا انعقاد جاری رہنا چاہیے تاکہ اسلام آباد پولیس کا ہر مرد و خواتین اہلکار اس سے استفادہ حاصل کرسکے۔
آخر میں آئی جی اسلام آباد نے پولیس کی طرف سے مہمانوں کو یاد گار ی پولیس شیلڈز پیش کیں جس پر مہمانوں نے شکریہ ادا کیا اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کامران عادل ، ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر اے آئی جی آپریشنز خرم رشید ، اے ایس پی آمنہ بیگ اور پرنسپل ٹریننگ سکول طاہر محمود خان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں