66

بیت اللہ شریف اللہ کریم کانہایت عظمت و حرمت والا گھرہے


راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے آقا و مولا ﷺ نے بیت اللہ شریف مطاف جیسے ارفع و اعلیٰ مقام پر رونق افروز ہو کر اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیم اجمعٰین کو احترامِ انسانیت کی عظیم ترین تعلیم ارشاد فرمائی جو قیامت تک انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیم اجمعٰین کو مخاطب کر کے فرمایا کہ یہ بیت اللہ شریف اللہ کریم کانہایت عظمت و حرمت والا گھرہے۔ اس میں جو کچھ ربِ رحمن سے مانگا جائے وہ عطا فرماتا ہے اور اس کے گرد چکر لگانے سے گناہ جھڑ جاتے ہیں اور پھرحضور نبی رحمت ﷺ نے بیت اللہ شریف کو مخاطب کر کے ارشاد مبارک فرمایا کہ اے بیت اللہ یہ جو انسان تیرے ارگرد ہیں ان کی حرمت و عظمت بیت اللہ شریف تجھ سے بڑھ کر ہے۔ غور طلب بات ہے کہ آج ہم اپنے نبی علیہ الصلواۃ والسلام کی ان عظیم ترین نورانی تعلیمات سے دور ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے بد گمان، بد اخلاق، جھگڑالو، بے رحم، مخلوقِ خدا پر شفقت اور ان کے کام آنے سے دور اور ایک دوسرے کی عزتیں پامال کرنے لگ پڑے ہیں جو ہمارے لئے ہمیشہ کی زندگی میں سرا سر خسارہ ہے۔ خانقاہیں ایسی تربیت گاہیں ہیں جہاں سے مخلوقِ خدا کو نبی علیہ الصلواۃ والسلام کی یہی نورانی تعلیمات پڑھا، سکھا اور یاد کروا کر اس کی کردار سازی کی جاتی ہے اور مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآب ﷺ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جاتا ہے۔ کل 6ستمبر جہاں شہدائے پاکستان کا دن ہے وہیں اس کی نسبت حضور نبی کریم ﷺ کے خادمِ خاص شیخ المحدثین والمفسرین الحاج الحافظ حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف پیرِ لاثانی ؒ کے ساتھ بھی ہے جن کا سالانہ عرس مبارک 6ستمبر بروز سوموار مبارک نہایت عقیدت و احترام سے عید گاہ شریف میں منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے علامہ صدیق الحسنین اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پرپیر محمد نقیب الرحمن کی وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے مہلک کرونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں