52

توحید کے مئے خانے در حقیقت خانقاہیں اور درگاہیں ہیں


راوالپنڈی (شبیر مغل)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کے میلادِ پاک کے خوبصورت ترین ماہِ مبارک سے اُمتِ مسلمہ گزر رہی ہے۔ آپ ﷺ اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم بن کر تشریف لائے ہیں۔ ربِ رحمن قرآنِ مجید میں ارشاد فر ما رہا ہے کہ یاد کرو کہ تم ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے، تمہارے درمیان آپس میں نفرتیں، نفاق، تلخی اور دشمنی موجود تھی پھر میرے پیارے حبیب ﷺ اس شان سے تمھارے درمیان جلوہ گر ہوئے کہ تمہیں آپس میں بھائی بھائی بنا ڈالا اور دوزخ میں گرنے والوں کا ہاتھ پکڑ کر جنت کی راہ دکھا ڈالی۔ ذکرِ مصطفیٰ ﷺ کو ربِ کریم نے بلندیاں عطا فرمائیں اور اس کو بلند کرنے کا ذمہ خود اٹھایا جو کوئی بھی اس ذکرِ پاک کے ساتھ اپنا تعلق جوڑ لیتا ہے اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اس پر سایہ فگن ہو جاتی ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر امتِ مسلمہ دین و دنیا میں سر خرو ہونا چاہتی ہے تو آپ ﷺ کا ایک ایک فرمان مبارک اپنے اندر سمندروں سے بڑھ کر کامیابیوں کی وسعت سموئے ہوئے ہے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین ذریعہ ہیں۔ آج کائنات کے جس کونے میں احترامِ آدمیت موجود ہے تو وہ ہمارے روٗف و رحیم نبی علیہ صلواۃ و السلام کی اعلی ترین تعلیمات کی بدولت موجود ہے جو در حقیقت احترامِ انسانیت و بقائے آدمیت اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود سے بھری پڑی ہیں۔ ہم نے اپنے عمل و کردار کو ان خوبصورت ترین تعلیماتِ نبوی ﷺ کے سانچے میں ڈھال کر نہ صرف کائنات کوامن و سلامتی کا گہوارہ بنانا ہے بلکہ اسی ذریعے سے دنیا سے کامیاب و کامران دارِ بقا کی جانب لوٹنا ہے۔ توحید کے مئے خانے در حقیقت خانقاہیں اور درگاہیں ہیں جہان آنے والی مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے کہ ربِ کریم کو راضی کرنے کے لئے ہمارے پاس واحد راستہ اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ ہے۔ توحید پرست وہی ہیں جن کے ہاتھ میں دامنِ مصطفی ﷺ ہے اور جو آپ ﷺ کی غلامی ومحبت کے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ مخلوق کا تعلق خالق سے جوڑنے والے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزتاندلیانوالہ،فیصل آباد کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ﷺ سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود وسلام کے بعد پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے مہلک کورونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا پر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں