’ایڈ سے ٹریڈ‘ کا سفر: افریقی رہنماؤں کی ٹرمپ سے اہم تجارتی و اقتصادی ملاقات

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے افریقی ممالک کے رہنماؤں نے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ، ممکنہ امن معاہدوں، اور امریکی پالیسیوں پر گفتگو ہوئی۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اب افریقا میں ”ایڈ سے ٹریڈ“ یعنی امداد سے تجارت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقا میں زبردست اقتصادی صلاحیت موجود ہے جس سے دونوں خطے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ کانگو اور روانڈا کے رہنما آئندہ دو ہفتوں میں امن معاہدے پر دستخط کے لیے امریکہ آئیں گے، اور انہوں نے خود بھی افریقا کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں موجود افریقی ممالک پر امریکی ٹیکسوں کے نفاذ کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں گبون، گنی بساؤ، لائبیریا، ماریطانیہ اور سنیگال کے سربراہان شریک تھے۔ گبون کے صدر برائس اولیگوئی نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گبون سرمایہ کاری کے لیے ایک کھلا ملک ہے، تاہم اسے اپنے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے عالمی تعاون درکار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں