لاہور میں مون سون کی بارشیں شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ 14 جولائی سے شروع ہونے والا تیسرا اسپیل وقفے وقفے سے برس رہا ہے، جس نے شہریوں کو گرمی کی لہر سے نجات دلادی مگر ساتھ ہی تباہ کن حادثات بھی پیش آئے۔
گزشتہ روز موسلادھار بارش کے دوران لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں ایک گھر کی چھت گرنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، اُن کی اہلیہ 55 سالہ عشرت، ان کی پوتیاں 3 سالہ خدیجہ اور 4 سالہ لطیفہ، اور 35 سالہ بہو رانی شامل ہیں۔ جبکہ گھر کا سربراہ 30 سالہ فیصل اور اس کی 5 سالہ بیٹی ببلی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی نوعیت کا ایک اور افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے کوٹ جمال پورہ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ نسرین، 8 سالہ میرب اور 80 سالہ بزرگ بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں مسلسل بارش نے نظام زندگی متاثر کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 گھنٹوں تک جاری طوفانی بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ سب سے زیادہ بارش سمن آباد میں 147 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں درج ذیل بارش ریکارڈ ہوئی:
لکشمی چوک: 125 ملی میٹر
اپر مال: 115 ملی میٹر
تاجپورہ اور پانی والا تالاب: 122 ملی میٹر
نشتر ٹاؤن: 100 ملی میٹر
جیل روڈ: 68 ملی میٹر
فرخ آباد: 103 ملی میٹر
ایئرپورٹ: 57 ملی میٹر
مغل پورہ: 102 ملی میٹر
قرطبہ چوک: 84 ملی میٹر
پی ڈی ایم اے کے مطابق نہ صرف لاہور بلکہ سیالکوٹ، گجرات، نارووال، قصور، مری، اٹک، گجرانوالہ، بہاولنگر اور ساہیوال میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ مون سون کا یہ سپیل 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، پرانے مکانات میں احتیاط برتنے اور ہنگامی صورت میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔