پاکستان نے اسنوکر کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک ہی دن میں دو عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیے۔ اسنوکر کنگ محمد آصف اور نوجوان کیوئسٹ حسنین اختر نے دنیا کو پاکستان کی کیو گیمز میں برتری کا عملی ثبوت دے دیا۔
بحرین میں ہونے والی ”آئی بی ایس ایف“ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے ماسٹرز کیٹیگری کے فائنل میں محمد آصف نے بھارت کے برجیش دامانی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ یہ فائنل سات فریمز پر مشتمل تھا، جس میں آصف نے 3 کے مقابلے میں 4 فریمز جیت کر بھارت کو فیصلہ کن دھچکا دیا۔
اسی دن نوجوان پاکستانی کیوئسٹ محمد حسنین اختر نے انڈر-17 کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ویلز کے ریلی پاؤل کو یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔ حسنین اختر اس کیٹیگری کا ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
یہ دن پاکستانی اسنوکر کے لیے تاریخی ثابت ہوا، جہاں ایک طرف تجربہ کار محمد آصف نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا لوہا منوایا، وہیں دوسری جانب نئی نسل کے ستارے حسنین اختر نے ملک کا نام روشن کر دیا۔
پاکستانی کیو اسپورٹس کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی محمد آصف اور حسنین اختر کو مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ ماہرین اسے پاکستان کے اسنوکر مستقبل کے لیے نیک شگون قرار دے رہے ہیں۔