عمران خان نے جیل میں سہولیات نہ ملنے پر سپرنٹنڈنٹ کیخلاف درخواست دائر کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے جیل میں سہولیات نہ ملنے پر سپرنٹنڈنٹ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے وکلا ظہیرعباس، عثمان گل، خالد یوسف کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس میں انہوں نے بہتر کلاس جیل سہولیات کی استدعا کردی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جیل سہولیات کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہے، اخبارات، ٹی وی، ورزش کے سامان تک رسائی نہیں دی جارہی، ذاتی لباس اور بستر فراہم کرنے میں تاخیر پیدا کی جارہی ہے، ذاتی معالج سے چیک اپ کے لیے خلل ڈالا جارہا ہے، عدالت سے منظور شدہ طبی پینل کے انتظامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

درخواست میں عمران خان نے کہا ہے کہ جیل میں بلاجواز بجلی کی فراہمی منقطع کی جارہی ہے، عدالتی احکامات کے باوجود بیرونِ ملک بیٹوں کے ساتھ بات نہیں کروائی جارہی، سہولیات کی فراہمی کے افسر تعینات کیا جائے، ہفتہ وار تعمیلی رپورٹ جمع کروائی جائے۔

اڈیالہ جیل میں کل عمران خان سے ملاقات کا دن، فہرست جیل حکام کو ارسال
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کل بروزمنگل وکلا رہنماوں کی ملاقات کا دن ہے، پی ٹی آئی نے 6 وکلا اور 3 رہنماوں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو بھیج دی۔

فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں، ان کے ساتھ بیرسٹر علی ظفر، نیاز اللہ نیازی، نعیم پنجوتھہ اور ظہیر عباس کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی سے کل فیملی کی ملاقات کا بھی دن ہے جبکہ علیمہ خان، نورین نیازی اورعظمی خان بھی اڈیالہ جیل آئیں گی، اس کے علاوہ بشری بی بی کی فیملی بھی کل ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آئے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں