صادق آباد میں رات گئے ماہی چوک کے قریب پولیس چوکی پر ڈاکوؤں نے راکٹ لانچر سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
صادق آباد کے نواحی علاقے ماہی چوک کے قریب واقع پولیس چوکی پر رات گئے ڈاکوؤں نے راکٹ لانچر سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم، نخیل، کانسٹیبل خلیل اور غضنفر شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ بستی شیخانی کے قریب پیش آیا۔ لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے جانیں نچھاور کر کے شہادت کا اعلیٰ مقام پایا۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔