وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر قومی معیشت میں نمایاں کردار اداکرنے والے برآمد کنندگان میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔
وزیرِ اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایکسپورٹرز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، عظیم کاروباری شخصیات نے شبانہ روز محنت کر کے ملک کانام روشن کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ برآمد کنندگان نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا، برآمد کنندگان نے 2025 میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، برآمد کنندگان کی غیر متزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالر آئے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے بیانات دیے کہ پاکستان ٹیکنیکلی طور پر ڈیفالٹ کرچکا ہے، ماضی میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جاتی رہیں، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لیے بڑا چیلنج تھا، حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی صورتحال ابتر تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی نے بہت مشکلات کا سامنا کیا، مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے۔