ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔گزشتہ شب ان کی آمد پر نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی ملائیشیا کے وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو گلدستے پیش کیے۔کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ملائیشیا کے وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔پاکستان میں قیام کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ملائیشیا کا یہ وفد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی بات چیت کرے گا۔ملائیشیا کے وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید آسان بنانے کے لیے پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔