اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ہسپانوی سینیٹرز سے ملاقات

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے اسپین کی سینیٹ کے 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی ٹولز کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قانون سازی کا عمل نہایت شفاف اور منظم ہوتا ہے، ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اسپین کو اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دیں گے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اسپین کے تعاون سے پائیدار ترقی اور اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر اسپینش سینیٹرز ویکنٹ ایزپیٹیراٹ نے پاکستان میں پُرتپاک استقبال پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی مہمان نوازی پر دل کی گہرائیوں سے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کریں گے۔

ملاقات کے دوران اسپینش وفد نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی اور زراعت میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے، پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں