61

چین کے صدر دورہ پاکستان کے موقع پر گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔ علاؤالدین مری

سابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان اور ممتاز کاروباری شخصیت علاؤالدین مری نے کہا کہ گوادر ملک کا مستقبل کا تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے اور چین کے صدر شی جن پنگ دورہ پاکستان کے موقع پر گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر صدر احسن ظفر بختاوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔علاؤالدین مری نے کہا کہ گوادر، تربت اور مکران سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقے ابھی تک نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو جلد 100 میگاواٹ بجلی ایران سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہت سے شعبوں بشمول سروس انڈسٹریز، فشریز، پیٹرو کیمیکل، ٹورازم، ٹریڈ لاجسٹکس، پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریز، آئل سٹوریج کی اسمبلنگ، ریفائننگ، ٹرانسپورٹ کا سامان، شپ بریکنگ، فوڈ، تعمیراتی مواد کی پروسیسنگ، گھریلو آلات کی تیاری، الیکٹرانکس اور آئی ٹی انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا یہی مناسب وقت کے کہ سرمایہ کار گوادر کی کاروباری صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے گوادر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد بلوچستان لے کر جائے گا تا کہ وزیراعلیٰ، گورنر اور کور کمانڈر کوئٹہ سے ملاقات کر کے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں سپیشل اکنامک زونز اور دیگر مطلوبہ انفراسٹرکچر سمیت تمام ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے جس سے وہاں غربت و بے روزگاری کم ہو گی اور صوبے میں خوشحالی آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں