پہلا ون ڈے: زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف

پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے 206 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں قومی ٹیم کی 6 وکٹیں 58 رنز پر گر گئیں۔

زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.2 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بلاوایو میں زمبابوے کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم وہ زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکا اور پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 40 رنز پر گر گئی۔ جوائے لارڈ گمبی 15 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کی دوسری وکٹ 58 رنز پر سلمان آغا نے جبکہ تیسری وکٹ 67 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی۔

میزبان ٹیم کی چوتھی وکٹ 83 اور پانچویں وکٹ 99 رنز پر سلمان آغا نے حاصل کی۔ چھٹی وکٹ 124 رنز پر عامر جمال نے جبکہ ساتویں وکٹ 125 رنز پر فیصل اکرم نے حاصل کی۔

اس کے بعد زمبابوے کے بیٹرز نے کچھ مزاحت دکھائی اور پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 187 رنز پر پہنچایا جس کے بعد اسی اسکور پر فیصل اکرم نے 2 مزید وکٹیں حاصل کرلیں۔

زمبابوے کی آخری وکٹ محمد حسنین نے حاصل کی، میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 48 رنز رچرڈ نگروا نے اسکور کیے۔

آسان ہدف کا تعاقب قومی بیٹرز کیلئے پہاڑ بن گیا۔ بیٹنگ لائن ہوم ٹیم کے بولرز کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔

پاکستان کے 6 کھلاڑی 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ بارش کے آنے تک قومی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بناسکی۔

کامران غلام 17، صائم ایوب 11، عرفان خان نے7، سلمان علی آغا 4، عبداللہ شفیق ایک جبکہ حسیب اللہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 17 جبکہ عامر جمال صفر پر کیریز پر موجود تھے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی، سکندر رضا اور شان ولیمز نے دو دو وکٹیں لیں۔

پاکستان ٹیم
پاکستان کی فائنل الیون میں صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، حسیب اللّٰہ، سلمان آغا، عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فیصل اکرم نے آج ڈیبیو کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں