پنڈی گھیب(سٹاف رپورٹر) سید ریحان افتخار بخاری نے کلینکل میڈیسن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی۔ انہوں نے سیملوایس(Semmelwies)۔ یونیورسٹی، بوداپسٹ، ہنگری میں پروفیسر برکیش اِستوان(Prof.Dr Berkes Istvan) کی نگرانی میں اپنے تحقیقی کام کو کامیابی سے مکمل کیا اور یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان کی تحقیق کا مرکزی موضوع “گھٹنے کے جوڑ میں لیگمنٹ کی سرجری کے بعد بحالی کے نئے طریقے” تھا، جس میں انہوں نے گھٹنے کے جوڑ کی سرجری کے بعد کھلاڑیوں کی صحتیابی کے جدید طریقوں پر تحقیق کی۔ ان کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ نئے طریقوں سے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صحتیابی میں تیزی سے بہتری آتی
ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ہڈی اور کارتلیج کے نقص کو دور کرنے کے لیے ایک نئی سرجری پر بھی تحقیق کی، جو کہ گھٹنے کے جوڑ میں ہونے والی چوٹوں کے علاج کے لیے بہت مؤثر ہے۔
ڈاکٹر ریحان افتخار بخاری پنڈی گھیب میں روزنامہ جنگ/دی نیوز اور جیو نیوز کے نمائندہ سید افتخار حسین بخاری کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم آکسفورڈ پبلک سکول پنڈی گھیب سے حاصل کی، میٹرک فوجی فاؤنڈیشن ماڈل سکول پنڈی گھیب سے کیا، اور ایف ایس سی ایف جی سرسید ہائیر سکینڈری سکول راولپنڈی سے مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج، رفاع انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد سے پانچ سالہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کی۔ریلوے ہسپتال راولپنڈی میں ہاؤس جاب کے بعد، انہوں نے کچھ عرصہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں کام کیا اور اس دوران ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کی۔ ان کی تعلیمی خدمات کے دوران جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں گریڈ 18 میں بطور میڈیکل لیکچرر تعیناتی ہوئی۔یورپ کے ملک ہنگری(Hungary) کی معروف سیملوایس(Semmelwies) یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کے لیے اسکالرشپ کی پیشکش ہوئی۔ ان کی تحقیق پر مختلف عالمی سطح کے جریدوں میں مقالے شائع ہو چکے ہیں اور ان کی علمی خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کئی بین الاقوامی کانفرنسز اور سیمینارز میں اپنے تحقیقی نتائج پیش کیے ہیں