خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بیک ڈور رابطے تیز ہو گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دونوں اطراف کی قیادت ہارس ٹریڈنگ روکنے اور انتخابی عمل کو صاف اور شفاف رکھنے کے لیے تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ کامیاب کرانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے صوبے سے سینیٹ کی 11 نشستوں میں سے 5 نشستوں پر اپنا حصہ مانگ لیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی اس معاملے پر اپنی قیادت سے مشاورت کر رہی ہے۔ پارٹی کے بعض رہنما اس تجویز پر آمادہ نظر آتے ہیں، تاہم کچھ اراکین اب بھی باقاعدہ انتخاب پر بضد ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں جانب سے اتفاق رائے کی کوشش جاری ہے اور امکان ہے کہ آج شام یا کل تک معاملات طے پا جائیں گے۔ اگر معاہدہ ہو جاتا ہے تو سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا کی 11 نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو سکتے ہیں، جس سے ممکنہ ہارس ٹریڈنگ کے خدشات ختم ہو جائیں گے۔