خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات اس بار بلامقابلہ ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اور پارلیمانی کمیٹی نے اس حوالے سے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد روایتی خرید و فروخت کی سیاست کا خاتمہ اور انتخابی عمل کو شفاف بنانا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں بیرسٹر گوہر، شوکت بسرا، سلمان اکرم راجہ، علی اصغر اور ارباب شیر علی شامل ہیں، جنہوں نے اجلاس کے بعد باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیہ کے مطابق جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نور الحق قادری امیدوار ہوں گے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی میدان میں اتریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان ناراض ارکان میں عرفان سلیم، عائشہ بانو، خرم ذیشان، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی شامل ہیں، جنہوں نے حالیہ دنوں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقاتیں کیں اور قیادت کے فیصلے پر آمادگی ظاہر کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے لیے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ بلامقابلہ انتخاب کو ترجیح دی جائے تاکہ ہارس ٹریڈنگ جیسے شرمناک عمل کا مکمل خاتمہ ممکن ہو۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی کوشش ہے بلکہ سیاسی بلوغت اور اتفاقِ رائے کی ایک اہم مثال بھی ہے۔