اسلام آباد : قومی اسمبلی کی سال 2025 کی پارلیمانی کارکردگی کی تفصیلات سامنے آ گئیں، 42 حکومتی بل پیش کیے گئے ،،تمام کے تمام منظور کر لیے گئے۔ نجی اراکین کے 49 بل پیش ہوئے ،13 نجی بل ایوان سے منظور ہو سکے۔
دستاویزات کے مطابق قومی اسمبلی میں سال 2025 کے دوران 42 حکومتی بل پیش کیے گئے اور تمام کے تمام منظور کر لیے گئے۔ اسی عرصے میں نجی اراکین کے 49 بل پیش ہوئے جن میں سے 13 بل ایوان سے منظور ہو سکے۔رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ نے مجموعی طور پر 31 قوانین (ایکٹس آف پارلیمنٹ) منظور کیے۔
قومی اسمبلی میں 8 صدارتی آرڈیننس بھی ایوان میں پیش کیے گئے۔ سینیٹ سے 16 حکومتی اور 30 نجی بل قومی اسمبلی کو موصول ہوئے۔قومی اسمبلی نے سال 2025 کے دوران 25 قراردادیں منظور کیں۔ ایوان میں 336 توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرائے گئے جن میں سے 53 نوٹس زیر بحث لائے گئے۔ اسی طرح رول 259 کے تحت 295 تحاریک قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق استحقاق سے متعلق 33 سوالات قومی اسمبلی میں جمع ہوئے، جبکہ التواء کی 11 تحاریک موصول ہوئیں جو تمام کی تمام خارج یا ختم کر دی گئیں۔قومی اسمبلی کی یہ کارکردگی سال 2025 میں ایوان کی مجموعی قانون سازی اور پارلیمانی سرگرمیوں کی واضح عکاسی کرتی ہے۔