وزیرِ اعظم سے سہیل آفریدی کی ملاقات، صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر تحفظات سے آگاہ کیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی، جس میں خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کی ملاقات 1 گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تحفظات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں وفاق کے ذمے واجبات کی ادائیگی اور تیرا کی تازہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، خیبر پختون خوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم شریک تھے۔

وزیرِاعظم سے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات کا اعلامیہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم کا عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے وفاقی وصوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا، انہوں نے صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

وزیرِ اعظم سے بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی: سہیل آفریدی

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کے لیے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی، خیبر پختون خوا میں قیام امن اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کو آئینی ذمے داری نبھانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے، صحت وتعلیم کے لیے خیبر پختون خوا کے عوام کے لیے اقدامات کیے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختون خوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے بتایا تھا کہ مجھے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے آج ملاقات کی دعوت ملی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں