(ابرار ولی نمائدہ خصوصی) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سلطان احمد چوہدری سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مختلف مسائل سے آئی جی موٹروے پولیس کو آگاہ کیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل نے ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر آئی جی سلطان احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی، ٹریفک کی روانی اور مسافروں سمیت مال بردار گاڑیوں کی محفوظ نقل و حمل موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ملاقات میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر منظم اور محفوظ ٹریفک کے قیام کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی موٹروے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔