فیصلہ کُن ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف

دوسرے میچ کے بعد آج تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو مشکل میں ڈال دیا اور پوری ٹیم آج بھی مکمل اوور نہ کھیل سکی۔

پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

آج بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی اور شاہین آفریدی نے 36 رنز پر دوسری وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 56 رنز پر گری، کپتان جوش انگلس کو نسیم شاہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا۔

کچھ ہی دیر بعد 13.5 اوورز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 79 اور چھٹی 88 رنز پر گری۔ مارکس اسٹوائنس کو محمد حسنین اور گلین میکسویل کو حارث رؤف نے واپس پویلین بھیجا۔

آسٹریلیا کیخلاف 6 کیچ، محمد رضوان نے ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا

میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ 26 ویں اوور میں 118 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو نسیم شاہ نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی آٹھویں اور نویں وکٹ 140 رنز پر گری۔ یہ دونوں وکٹس شاہین آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی بیٹر کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔

ہدف کے تعاقب کا آغاز

پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا۔

وکٹس
میچ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ حاصل کی۔

بولرز میں سب سے کم رنز فاسٹ بولر محمد حسنین اور حارث رؤف نے دیے، دونوں بولرز نے 7،7 اوورز کرائے اور 24،24 رنز دیے جبکہ نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 54 اور شاہین آفریدی نے 8.5 اوورز میں 32 رنز دیے۔

ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی رائے
اس سے قبل پرتھ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پِچ مختلف نہیں لگ رہی اس لیے پہلے بولنگ کر رہے ہیں، پچھلےمیچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، حارث رؤف یہاں لیگ کھیلتے رہے ہیں، وہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں۔

حارث رؤف نے ثقلین مشتاق اور شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ لانس مورس، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، شان ایبٹ اور اسپینسر جونسن ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم
کپتان محمد رضوان، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین ٹیم کا حصہ تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلا میچ آسٹریلیا اور دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔

گرین شرٹس کے پاس 22 برس کے بعد آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز میں ہرانے کا موقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2002ء میں وقار یونس کی قیادت میں آسٹریلیا کو آسٹریلیا کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں